عوام کو سہولیات فراہم کرنے میں ناکام حکومت کامندر کی تعمیر کرنا تشویشناک ہے(جمعیت طلبہ عربیہ)

170

کراچی( اسٹاف رپورٹر) منتظم اعلیٰ جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان حافظ شمشیر شاہد نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت دنیابھر میں مشکل کورونا وبا اور مشکل معاشی صورتحال میں اسلامی نظریاتی کونسل اور علما کی مشاورت سے اسلام آباد میں مندر کی تعمیر تشویشناک ہے، حکومت ایک طرف مہنگائی کنٹرول کرنے سے قاصر ہے‘آئے دن معاشی بدحالی کا رونا روتی ہے‘ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی سے معذور ہے‘ تو دوسری طرف اسلام کے نام پر حاصل کیے گئے ملک کے دارالحکومت میں مندر کی تعمیر کیلیے خطیر رقم فراہم کررہی ہے، ملک وملت انتشار اور افتراق کا شکارہیں علما اپنے علم وعمل سے امت کی رہنمائی کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعۃ الحرمین کراچی میں تخصص فی الافتا کے دورے پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پران کے ساتھ امین عام جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان حافظ نعیم اللہ ، مفتی محمد افضل راجپوت منتظم جمعیت طلبہ عربیہ سندھ مفتی عبد الحمید ، منتظم شمالی پنجاب اور منتظم کراچی‘ مولانا عطاء الرحمن ‘ مفتی مصباح اللہ صابر ودیگر بھی موجود تھے۔ حافظ شمشیر شاہد نے تخصص کے شرکا سے مزید کہا کہ تخصص فی الافتاء محنت، لگن اور گہری تڑپ کے بغیر ممکن نہیں ہے اس لیے آپ لوگوں کو بہت زیادہ محنت کرنی ہوگی اور تسلسل کے ساتھ آخر تک اپنی حاضری یقینی بنانی ہوگی۔