ڈی آئی خان کیلیے بجلی کے الگ سرکل کی منظوری لے لی، امین گنڈا پور

148

ڈیرہ اسماعیل خان (صباح نیوز) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان سردار علی امین خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ بجلی کے مسائل کے حل کیلیے ڈیرہ اسماعیل خان کیلیے بجلی کے الگ سرکل کی منظوری ہوچکی ہے، اس کیلیے اسٹاف بھرتی کیا جائے گا، ٹریفک کے بڑھتے ہوئے رش کو کنٹرول کیلیے انڈر پاسز اور اوور ہیڈ برجز تعمیر کرنے کے منصوبے زیر غور ہیں، باب ڈیرا کی خوبصورتی کیلیے مزید کام کیا جارہا ہے، رات کے اوقات میں اس پر روشنی کا انتظام بھی ہوگا، اگر ہم نے عوام سے کیے وعدے پورے نہ کیے تو ووٹ کے حقدار نہیں ہونگے اور اگر ہم نے اپنے وعدے پورے کیے تو عوام فخر سے ہمیں ووٹ کی پرچی سے دوبارہ منتخب کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکٹ ہائوس ڈیرہ اسماعیل خان میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کا ائرپورٹ ڈومسیٹک فلائٹس کیلیے شروع ہوچکا ہوتا لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے فی الحال التواء کا شکار ہے۔کرپشن کے خاتمے، روز گار کی فراہمی اور ملک کے استحکام کیلیے عمران خان مافیا کیخلاف جنگ کر رہے ہیں، ماضی میں کشمیر کے مسئلے کو سابق حکمرانوں نے پس پشت ڈالا، کشمیرکمیٹی کے چیئرمین نے صرف عیاشیاں کیں، مال بنایا لیکن عمران خان نے کشمیر کے مسئلے کو ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ دنیا بھر میں عملی طور پر اجاگر کیا، کشمیر جلد آزاد ہوگا، بھٹو نے کرسی کیلیے ملک کو توڑا لیکن افسوس کی بات بعض لوگ بھٹو کے نام پر سیاست کر رہے ہیں۔