توہین عدالت کی درخواست پر سی ای او ایجوکیشن رپورٹ سمیت پیش

145

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور ہائیکورٹ میں پرائیویٹ اسکولوں میں اضافی فیسوں کی وصولی پر توہین عدالت کی درخواست پر سی ای او ایجوکیشن زاہد پرویز اختر رپورٹ سمیت پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ پرائیویٹ اسکولز میں 5 فیصد سے زائد فیسوں میں اضافہ منسوخ کر دیاہے۔ ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹی کے فیصلے کے بارے میں سی ای او ایجوکیشن نے عدالت کو آگاہ کیا کہ 4 ہزار سے زائد فیس پر اسکولز ازسر نو واؤچر جاری کریں گے، 5 فیصد سے بڑھا کر 8 فیصد اضافہ کرنے کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا ہے۔ عدالت نے 13 جولائی کو فریقین کے وکلا کو مزید دلائل کیلیے طلب کرتے ہوئیکیس کی مزید سماعت ملتوی کردی۔ درخواست گزار وں کے وکیل صفدر شاہین پیرزادہ نے مؤقف اختیار کیا کہ پرائیویٹ اسکول مالکان نے طلبہ کو 8 فیصد اضافی فیس کے وائوچر جاری کیے ہیں۔ عدالت عظمیٰ نے 5 فیصد فیصد اضافے کی اجازت دی تھی۔ اسکول مالکان کی جانب سے فیس جمع نہ کروانے کی صورت میں آن لائن کلاسز کیلیے پورٹل بند کرنے کا کہا جا رہا ہے۔ نوٹس میں اضافی فیس کی عدم ادائیگی کی صورت میں اگلی کلاسز میں ترقی نہ دینے کی بھی تنبیہ کی گئی ہے۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے کی خلاف ورزی کرنے پر سیکرٹری اسکول اور اسکول مالکان کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔