چمن، پانی کے ٹینک کی صفائی کے دوران 7افراد جاں بحق

196

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) ٹرنچ روڈ بازار میں آٹے کی دکان کے اندر موجود زیرزمین پانی کے ٹینک کی صفائی کے لیے اترنے والے 7 افراد لقمہ اجل بن گئے۔سٹی پولیس اسٹشن کے ایس ایچ او محسن بلوچ کے نے بتایا کہ ٹرنچ روڈ پر دکان کے اندر موجود پانی کے ٹینک کی بہت عرصے سے صفائی نہیں کی گئی تھی اور کل دوپہر کو تالاب کی صفائی کے لیے جب ایک مزدور اتارا گیا تو وہ غائب ہوگیا اور اس کے بعد دوسرا شخص جب اترا تو وہ بھی غائب ہوگیا اس طرح جب دکان کے اندر موجود افراد ان کو بچانے کے لیے اترتے رہے تووہ ڈوبتے رہے، اس طرح دکان کا مالک حاجی محمد نعیم بھی اترا وہ بھی غائب ہوگیا۔ سول اسپتال چمن کے ایم ایس ڈاکٹر عبدالمالک اچکزئی نے بتایا کہ پانی کے تالاب میں زہریلی گیس بھرگئی تھی جس کی وجہ سے اترنے والے 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ڈیوٹی پر موجود ٹریفک پولیس افسر کا کہنا تھا کہ جیسے ہی اس کو اطلاع ملی وہ اسی بازار میں موجود تھا تو اس نے پولیس کو اطلاع دی اور لاشوں کو نکالنے میں مدد کی۔ جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں پولیس نے ورثا کے حوالے کردیں، جاں بحق ہونے والوں میں حاجی محمد نعیم، احمد شاہ، محمد بلال، ناصرخان، نثاراحمد، قدرت اللہ اور اللہ محمد شامل ہیں۔