پنجاب میں 13 خصوصی اقتصادی زون پر کام جاری ہے،عثمان بزدار

142

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ گزشتہ مالی سال کورونا کی وجہ سے صنعتوں اور کاروباری کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کے لیے 18 ارب روپے کا ٹیکس ریلیف پیکیج دیا۔ رواں مالی سال 56 ارب روپے کا ریلیف پیکیج دیا گیا ہے ، پنجاب میں 13 اسپیشل اکنامک زونز پر کام جاری ہے، 10 ہزار ایکٹر رقبے پر انڈسٹریل اسٹیٹس کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔یہ بات انہوں نے وفاقی وزیر صنعت و پیداوارمحمد حماد اظہر سے گفتگو میں کہی۔ ملاقات میںفلاح عامہ کے منصوبوں،حلقے کے مسائل اورصنعتی عمل کو تیز کرنے کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی کے ساتھ ساتھ لاہورکی ڈیولپمنٹ پر بھی خصوصی توجہ ہے ہے، لاہور میں اسٹیٹ آف دی آرٹ مدراینڈ چائلڈ اسپتال پر کام جاری ہے، فردوس مارکیٹ انڈر پاس پراجیکٹ پر دن رات کام ہورہاہے،شہر کے سیوریج کے نظام کو بہتر بنائیںگے، لاہور کے عوام کو سہولتوں کی فراہمی کے لیے اربوں روپے کے منصوبوں پر تیزی سے کام ہورہا ہے ۔ منتخب نمائندوں کے علاقوں میں ترقیاتی کام ان کی مشاورت سے ہوںگے۔پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب بھی اس موقع پر موجود تھے ۔