منصوبے جلد مکمل کرکے فنڈ کا ضیاع روکیں گے،وزیر اعلیٰ بلوچستان

129

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر، فنڈز کاضیاع روکنے کیلیے موجودہ صوبائی حکومت نے نئے مالی سال کے آغاز سے ہی ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کرنے کی روایت ڈال دی ہے جس سے ترقیاتی عمل کے ثمرات بروقت عوام تک پہنچ پائیں گے۔ کوئٹہ میں وزیراعلیٰ کی زیرصدارت ترقیاتی محکموں کو پی ایس ڈی پی میں شامل ترقیاتی اسکیموں کی باقاعدہ نگرانی کے نظام کے قیام اور سہ ماہی بنیادوں پر جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان فضیل اصغر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی وترقیات عبدالرحمن بزدار، سیکرٹری خزانہ نورالحق بلوچ، سیکرٹری مواصلات وتعمیرات نورالامین مینگل، سیکرٹری کھیل عمران گچکی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں پی ڈی ڈبلیو پی اور ڈی ایس سی کی کارروائی کے لیے چیک لسٹ ، ٹی او آرز بنانے اور محکموں کی مشاورت سے کمیٹیوں کے اجلاس کے انعقاد کے سہ ماہی شیڈول کے اجرا کا فیصلہ کیا گیا جس کا مقصد نئے ترقیاتی منصوبوں کے بروقت آغاز اور تکمیل کرکے مختص فنڈز کے بہترین استعمال کو یقینی بنانا ہے، اجلاس میں چیف سیکرٹری کی زیرصدارت ٹیکنیکل کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا جو مختلف وجوہات کی بنا پر منجمد کی گئی اسکیموں کا تفصیلی جائزہ لے کرسفارشات کابینہ کے سامنے پیش کرے گا، قبل ازیں اے سی ایس ترقیات نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ گزشتہ مالی سال میں 60 ارب روپے کی لاگت سے 1437اسکیمیں مکمل کی گئیں جبکہ مالی سال 2020-21ء کے ترقیاتی پروگرام میں 2568منصوبے شامل ہیں جن میں سے 934نئے اور1434جاری منصوبے ہیں۔