امریکا کے بعد برطانیہ کی چین سے معاشی جنگ

208

امریکا کے بعد برطانیہ نے بھی چینی مواصلاتی کمپنی ہواوے سے اپنے تعلقات خراب کرلیے،جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کے خطرات بڑھ گئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق لندن حکومت کی جانب سے ہواوے سے 5جی ٹیکنالوجی کا ٹھیکا منسوخ کرنے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پہلے کی طرح نہیں رہے۔ لندن حکومت سے معاہدہ طے پانے کے بعد ہواوے ملک بھر میں 5جی ٹاور کی تنصیب اور دیگر تعمیرات شروع کرچکی تھی۔ برطانوی میڈیا کے مطابق پالیسی میں بڑی تبدیلی سے ایک طرف چین کے ساتھ کشیدگی میں اضافہ ہو گا تو دوسری طرف امریکا بہت خوش ہے۔ برطانوی اخبار سنڈے ٹیلی گراف کے مطابق لندن حکومت کے فیصلے سے قبل برطانیہ کے نیشنل سائبر سیکورٹی سینٹر نے حکومت سے کہا تھا کہ چینی کمپنی کی موجودگی سے کئی خطرات جنم لے رہے ہیں۔ نیشنل سائبر سیکورٹی سینٹر جی سی ایچ کیو ایجنسی کا ایک حصہ ہے۔ ایجنسی کا کہنا ہے کہ چینی کمپنی ہواوے برطانیہ کی سیکورٹی کے لیے خطرہ ہے، تاہم یہ بات امریکی انٹیلی جنس کے علم میں نہیں لائی گئی تھی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق چینی کمپنی ہواوے چاہتی ہے کہ اسے اپنے آلات ہٹانے کے لیے 2030 ء تک کی مہلت دی جائے، تاہم برطانوی حکومت اس کام کو جلد از جلد مکمل کروانا چاہتی ہے۔ واضح رہے کہ لندن حکومت نے یہ اقدام بیجنگ کی جانب سے ہانگ کانگ میں متنازع سیکورٹی قانون نافذ کرنے کے رد عمل میں کیا ہے۔ برطانیہ نے ہانگ کانگ کے شہریوں کو اپنے ملک میں مستقل رہایش کی بھی پیش کش کررکھی ہے،جس پر چین نے شدید احتجاج کیا۔