کویت میں 8 لاکھ بھارتیوں کے بے روزگار ہونے کا خدشہ

239

کویت سٹی (انٹرنیشنل ڈیسک) عالمی کساد بازاری اور دنیا کی معیشت پر کورونا وائرس کی وجہ سے منفی اثرات سے خلیجی ممالک میں بھارتی شہریوں کی ملازمتیں ختم ہونے کا اندیشہ پیدا ہوگیا ہے۔ کویت کی قومی اسمبلی کی کمیٹی برائے قانونی امور نے غیر ملکی تارکین وطن کی تعداد کو کم کرنے سے متعلق ایک بل کے مسودے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ بل مشاورت کے لیے ایک دوسری کمیٹی کے پاس جائے گا۔ اگر اس کمیٹی نے بھی اس کی منظوری دے دی اور بل نے قانونی شکل اختیار کر لی، تو کم از کم 8 لاکھ بھارتی تارکین وطن کو واپس آنا پڑے گا۔ اس صورت حال سے اندرونِ ملک بھی تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ مذکورہ بل میں کہا گیا ہے کہ ملک کی مجموعی آبادی 48 لاکھ میں بھارتی باشندوں کی تعداد 15 فیصد سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔ کویت میں بھارتی باشندوں کی تعداد 14 لاکھ ہے، جو مصری باشندوں کے بعد دوسری بڑی آبادی ہے۔ اس بل میں دوسرے ممالک کے باشندوں کے لیے بھی ایسے ہی کوٹے کی تجویز رکھی گئی ہے۔