امریکا میں فائرنگ کے مختلف واقعات‘ 17 افراد ہلاک

193

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا میں یومِ آزادی کی تعطیلات کے دوران فائرنگ کے مختلف واقعات میں 2 بچوں سمیت 17 افراد ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہو گئے۔ خبر رساں اداوں کے مطابق گولیاں چلنے کے بیشتر واقعات آبادی کے اعتبار سے امریکا کے تیسرے بڑے شہر شکاگو میں ہفتے اور اتوار کو پیش آئے۔ جہاں 15 افراد ہلاک ہوئے، جن میں ایک 7 سالہ بچی اور کم عمر لڑکا بھی شامل ہیں جب کہ 60 افراد زخمی ہوئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز شہر کے علاقے اینجل ووڈ میں 4 افراد نے ایک گلی میں موجود لوگوں پر فائرنگ کی جس کی زد میں آ کر 2 لوگ موقع پر ہلاک ہو گئے جب کہ 2 دیگر اسپتال پہنچنے کے بعد دم توڑ گئے۔ حکام کے مطابق اس دوران حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ شکاگو ہی میں فائرنگ کا دوسرا واقعہ آسٹن کے علاقے میں پیش آیا جہاں حملہ آوروں نے ایک 7 سالہ بچی کو سر میں گولی مار کر قتل کر دیا۔ ہفتہ اور اتوار کو شہر میں فائرنگ کے دیگر واقعات میں 8 افراد ہلاک جب کہ کئی زخمی ہوئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق زخمیوں میں 7 بچے بھی شامل ہیں۔ دریں اثنا امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا میں ایک کلب میں فائرنگ سے 2 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہو گئے ہیں۔ ریاست کی گرین ول کاؤنٹی کی پولیس کے مطابق رات 2 بجے مسلح افراد نے کلب کے اندر فائرنگ کی۔ واقعے کے وقت لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں 2 لوگوں پر شبہ ہے، جن کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، جب کہ ایک شخص کو حراست میں لینے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔