سوڈان: مظاہروں کے باعث پولیس سربراہ اور نائب برطرف

151

خرطوم (انٹرنیشنل ڈیسک) سوڈان کی عبوری حکومت نے پولیس سربراہ اور ان کے نائب کو عہدوں سے فارغ کردیا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق ملک میں کئی روز سے دونوں عہدے داروں کے علاوہ معزول صدر عمر حسن البشیر کے ہاتھوں مقرر کیے گئے حکام کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، جن میں عوام سابق صدر کے مقربین کو عہدوں سے ہٹانے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ عبوری وزیر اعظم عبداللہ حمدوک نے اتوار کے روز ایک ٹویٹ کے ذریعے پولیس کے ڈائریکٹر جنرل عادل محمد بشائر کو عہدے سے سبکدوش کیے جانے کا اعلان کیا۔ ساتھ ہی بتایا گیا کہ ان کی جگہ عزالدین شیخ علی کو پولیس کا نیا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ جس کے بعد کابینہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عادل بشائر کے نائب عثمان محمد یونس کو بھی برطرف کردیا گیا ہے، تاہم اس فیصلے کی مزید وضاحت نہیں کی گئی۔ واضح رہے کہ سوڈان میں گزشتہ ہفتے ہزاروں افراد نے احتجاجی مظاہرے کیے تھے، جن میں پرتشدد واقعات کے دوران ایک شخص ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے تھے۔ مظاہرین کی جانب سے اصلاحاتی عمل تیز کرنے اور عبوری حکومت میں عام شہریوں کو زیادہ کردار دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ مظاہرین اور جمہوریت نواز گروپوں نے پولیس کے برطرف شدہ دونوں اعلیٰ عہدے داروں کو معزول صدر عمرالبشیر کی انتظامیہ کی باقیات قراردیا تھا۔