لاء اسٹوڈنٹس کرکٹ لیگ کی کیش ایوارڈ کی تقریب

752

کراچی(اے پی پی)جسٹس ہیلپ لائن کے تحت منعقدہ لاء اسٹوڈنٹس کرکٹ لیگ کی کیش ایوارڈ کی تقریب سپریم کورٹ رجسٹری میں منعقد ہوئی۔ اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق مہمان خصوصی سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر عدنان احمد نے ایونٹ کی فاتح ایس ایم لاء کالج کی کرکٹ ٹیم کے کپتان کو جسٹس ہیلپ لائن کی جانب سے 50 ہزار روپے کا انعام پیش کیا۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے عدنان احمد نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں خاص طور پر کھیلوں میں شرکت ضروری ہے،ایک اچھے طالب علم کے لیے مضبوط ذہن کے ساتھ جسمانی طور پر مضبوط ہونا بھی ضروری ہوتا ہے۔،جسٹس ہیلپ لائن کی خدمات گراں قدر اور اس کے سربراہ ندیم شیخ ایڈووکیٹ کا کردار قابل ستائش ہے،ایسوسی ایشن جسٹس ہیلپ لائن کی سرگرمیوں میں بھرپور مدد کرے گی۔ندیم شیخ ایڈووکیٹ نے کہا کہ ملک گیر سطح پر لاء کرکٹ ایسوسی ایشن تشکیل دی جارہی ہے جبکہ جلدہی ہاکی ٹیم کا قیام بھی عمل میں آ جائے گا۔ اس موقع پر جی این قریشی، سلیم مائیکل ایڈوکیٹ،سید ذوالفقار علی شاہ، حارث امین بھٹی اور دیگر وکلاء نے بھی اظہار خیال کیا۔