حریت کانفرنس کی برہان وانی کے یوم شہادت پرکل ہڑتال کی اپیل

345

سری نگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے معروف نوجوان کشمیری رہنما برہان مظفر وانی کو ان کے چوتھے یوم شہادت کے موقع پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بدھ کو مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان نے پیر کو سری نگر سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ہڑتال کا مقصد عالمی برادری خاص طور پر اقوام متحدہ کو یہ پیغام دینا ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام اپنے مادر وطن پر بھارت کے جبری تسلط کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ8 جولائی کشمیریوںکے اس عزم کی تجدید کے ساتھ یوم استقلال کے طور پر منایا جائے گا کہ وہ ہر قیمت پر اپنے حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد آزادی جاری رکھیں گے۔ واضح رہے کہ بھارتی فوجیوںنے 8 جولائی 2016ء کو ضلع اسلام آباد کے علاقے کوکرناگ میں برہان وانی کو ان کے2 ساتھیوں سمیت ماورائے عدالت قتل کردیاتھا۔ ادھر امریکی خاتون رکن کانگریس کلارک یوسیٹی نے نیویارک میں پاکستانی امریکن ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ ایک تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے بھارتی فوجی محاصرے کے شکار کشمیری عوام کی حالت زار کو امریکی کانگرس میں اٹھانے کا وعدہ کیا ہے۔