ذخیرہ اندوزوں کوپکڑیں یا سبسڈی دیں‘ غریبوں کو سستاآٹا فراہم کریں ‘ وزیراعظم

512
ہری پور،وزیر اعظم عمران خان این آر ٹی سی کے دورے پرمقامی وینٹی لیٹرز کی پیدواری سہولت کا افتتاح کرکے دعا مانگ رہے ہیں

اسلام آباد/ہری پور(نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے حکم دیا کہ چاہیں ذخیرہ اندوزی پکڑیں یا سبسڈی دیں، غریب کو آٹا سستا فراہم کریں اور ہر حال میں آٹے کی قیمت پرانی سطح پر بحال کی جائے۔ وزیراعظم نے پنجاب میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی حکومت کوآٹے کی قیمتوں میں کمی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔عمران خان نے ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید سخت کرنے کی ہدایت بھی کی۔ عمران خان نے پنجاب حکومت کو ہدایت کی کہ آٹے کے20 کلو تھیلے کی قیمت میں 150 روپے کمی کی جائے اور آٹے کی قیمت کنٹرول کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔علاوہ ازیں ملک میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی لانے کے اقدامات کے حوالے سے وزیراعظم کی زیرصدارت جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی سید فخر امام، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل اور سینئر افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں سندھ،ؔپنجاب،بلوچستان کے چیف سیکرٹریز اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا بھی وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔وزیراعظم عمران خان نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف موثر کارروائی اور ملاوٹ کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اختیار کرنے کی ہدایت کی۔عمران خان نے کہا کہ گندم اور آٹے کی عوام کو بلا تعطل اور کم قیمت پر دستیابی حکومت کی اولین ترجیح ہے، بین الصوبائی نقل و حرکت کے حوالے سے آسانی کو یقینی بنایا جائے، گندم اور آٹے کے حوالے سے وفاق اور صوبے مربوط اور ہم آہنگ حکمت عملی مرتب کریں، ضرورت کے مطابق ذخیرہ کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری میں ملوث عناصر نے نہ صرف کسان کو ان کے جائز منافع سے محروم کیا بلکہ عام آدمی کو زائد قیمت پر آٹا خریدنے پر مجبور کیا۔وزیراعظم سے پنجاب کے ارکان اسمبلی نے ملاقات کی ۔عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ کورونا سے متاثرہ افراد کو ریلیف کی فراہمی میں متحرک کردار ادا کریں، موجودہ حکومت اصلاحات کے ایجنڈے پر سختی سے کاربند ہے اور مافیا کے خلاف کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ مزید برآں وزیر اعظم عمران خان نے نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این آر ٹی سی) ہری پور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پاکستانی تاریخ کی پہلی مقامی وینٹی لیٹرز کی پیداواری سہولت کا افتتاح کیا۔وزیر اعظم نے پہلی بار پاکستان میں تیار کیے گئے وینٹی لیٹرز نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے حوالے کردیے۔ عمران خان نے کہا کہ نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکشن کارپوریشن پاکستان میں وینٹی لیٹر بنانے والا پہلا ادارہ بن گیا، این آر ٹی سی نے وینٹی لیٹرز کے 15 یونٹ تیارکر لیے ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ یہ ملک کے لیے اہم کامیابی ہے، اپنے لوگوں کی ذہانت سے فنی مہارت کے ذریعے خود انحصاری کی منازل طے کریں گے۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے ہائوسنگ، تعمیرات اور ترقی سے متعلق قومی رابطہ کمیٹی تشکیل دے دی، کمیٹی کا مقصد تعمیرات و ترقی سے متعلق سرگرمیوں کا فروغ بالخصوص نیا پاکستان ہائوسنگ اسکیم کے تحت معاشرے کے کم آمدنی والے افراد کے کے لییسستے گھر تعمیرکرنا ہے۔ چیئرمین نیا پاکستان ہائوسنگ اینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔ کمیٹی کے سربراہ ہفتہ میں دو بار وزیراعظم کو اجلاس کی کارروائی کی پیشرفت سے آگاہ کریں گے جبکہ کمیٹی میں سیکرٹری ہائوسنگ اینڈ ورکس یا ان کا نمائندہ، سیکرٹری پلاننگ ڈیولپمنٹ اینڈ اسپیشل انیشیٹو، سیکرٹری فنانس، سیکرٹری پاور، سیکرٹری پیٹرولیم، سیکرٹری قانون و انصاف، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک پاکستان، چیف سیکرٹریز پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان، چیئرمین ایف بی آر، چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر آئی سی ٹی اور ڈپٹی چیئرمین نیا پاکستان ہائوسنگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی بھی شامل ہیں۔