حافظ حمد اللہ کی سید منور حسن کے انتقال پر صاحبزادے سے ملاقات اور تعزیت

382
کراچی: جے یو آئی کے رہنما حافظ حمد اللہ سیدمنورحسن کے صاحبزادے طلحہ حسن سے تعزیت کے بعد دعائے مغفرت کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سابق سینیٹر و جمعیت علمائے اسلام (ف )کے مرکزی رہنما حافظ حمد اللہ نے سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن کے انتقال پر ان کی رہائش گاہ پر صاحبزادے سید طلحہ حسن سے ملاقات کی اور بلندی درجات ، دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی ،ڈپٹی سیکرٹری عبدالرزاق خان ، جمعیت اتحاد العلماکراچی کے ناظم اعلیٰ مولانا عبدلوحید اور نائب امیر ضلع غربی فضل احد بھی موجودتھے ۔ حافظ حمد اللہ نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سید منور حسن امت مسلمہ کا سرمایہ تھے ، آپ نہ صرف تحریک اسلامی بلکہ پوری دنیا میں اسلام کے غلبہ کے لیے مصروف تحریکوں کے لیے راہ نما تھے ، آپ کی پہچان جرات اور حوصلہ تھی ، حق بات کہنا اور اس پر استقامت کا مظاہرہ کرنا، ہم نے سید منورحسن سے سیکھا ، وہ سچ بات کہنے میں کبھی مصلحت کا شکار نہیں ہوتے تھے ، سید منورحسن نے پاکستان میں قومی ایشوز پر اسلام کی ترجمانی کا فریضہ بڑی حکمت اور بہادری سے انجام دیا، عالمی تحریک اسلامی کے صاحب بصیرت راہ نما ہونے کی حیثیت سے ان کی خدمات ہمیشہ یادرکھی جائیںگی ۔