نئے انتخابات حل نہیں‘جمہوریت ڈی ریل نہیں ہونے دیںگے‘ شاہد خاقان

280

کراچی( اسٹاف رپورٹر) احتساب عدالت میں پی ایس او میں غیرقانونی تقرر کا کیس‘ عدالت نے سماعت 5 اگست تک ملتوی کر دی ۔پی ایس او میں غیر قانونی بھرتی ریفرنس کی سماعت کے موقع پر سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور دیگر ملزمان پیش ہوئے جہاں عدالت نے ملزمان کو ریفرنس کی کاپی فراہم کرنے کے بعدسماعت 5 اگست تک ملتوی کردی، آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کی جائے گی،شاہد خاقان عباسی نے حاضری سے مستقل استثنا کی درخواست دائر کردی، عدالت نے آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ‘نیب کا الزام ہے کہ شاہد خاقان عباسی نے وزیر پیٹرولیم کی حیثیت سے ایم ڈی پی ایس او عمران الحق کا تقرر غیر قانونی طور پر کیا، سماعت کے بعد شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ یہ ریفرنس کسی کرپشن کا نہیں ہے،آج ریفرنس کی نقول ملی ہے، ایم ڈی کی تعیناتی کا معاملہ ہے، ایم ڈی کی قابلیت اور ایمانداری کی دنیا معترف ہے، جو تبدیلی ایم ڈی نے پی ایس او میں کی اس سے ملک کو فائدہ ہوا، نیب کو ایسے ایم ڈی کی تعیناتی پر اعتراض کیا، آج کی حکومت دوست یاروں کی حکومت ہے، کسی تجربے کے بغیر اعلیٰ عہدوں پر دوستوں کو تعینات کیا جارہا ہے،یعقوب ستار پی ایس او کے قابل افسر آج ہمارے ساتھ ملزم ہیں، ملک کے لیے کام کرنے والے عدالتوں میں ہیں اور ملک تباہ کرنے والے آزاد ہیں، ملک میں پیٹرول بحران سے اربوں روپے کا فائدہ اٹھایا گیا، حکومتی نااہلی سے ملک متاثر ہوا، حکومت ناکام ہوچکی ہے عمران خان کو گھر جانا چاہیے، کسی غیر جمہوری عمل کا حصہ نہیں بننا چاہتے،حکومت کی مدت مکمل کرنے ہر یقین رکھنے والے بھی کہتے ہیں کہ یہ حکومت ملک پر بھاری ہے، مولانا فضل الرحمن نے دکھایا کہ عمران خان 5 ہزار کا دھرنا کرسکتا تھا تو مولانا بھی اپنی طاقت دکھا سکتے ہیں، عمران خان کہہ چکے ہیں کہ کوئی آپشن نہیں ہے، اپوزیشن کا کام حکومت پر نظر رکھنا اور راستہ دکھانا ہے، ملک میں جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دینگے، اس حکومت نے جس طرح میڈیا پر حملہ کیا اسکی مثال نہیں، حکومت زبان بندی کی کوشش کر رہی ہے، ہماری جنگ ملکی مفاد کی ہے حصول اقتدار کی نہیں، نئے الیکشن حل نہیں، جب تک نظام کی تبدیلی پر عمل نہیں ہوتا صرف الیکشن سے کچھ نہیں ہوگا۔