چودھری برادران کی نیب اختیارات کیخلاف درخواستوں پر سماعت نہ ہوسکی

131

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور ہائیکورٹ میں چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی کی چیئرمین نیب کے اختیارات کے خلاف درخواستوں پر سماعت نہ ہو سکی، 2 رکنی بینچ کے عدالتی تعطیلات پر ہونے کی بنا پر کیس کی لسٹ منسوخ کر دی گئی۔ گزشتہ سماعت پر تیسری بار قائم بینچ نے چودھری برادران کی درخواستوں پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا تھا، اس سے پہلے 2 بینچوں کے ارکان جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس اسجد جاوید گورال کے انکار پر دونوں بینچ تحلیل ہوگئے تھے۔ چودھری برادران کا مؤقف ہے کہ نیب سیاسی انجینئرنگ کرنے کا ادارہ ہے، نیب کے کردار اور تحقیقات کے غلط انداز پر عدالتیں فیصلے دے چکی ہیں۔ چیئرمین نیب نے 19 سال پرانے معاملے کی دوبارہ تحقیقات کا حکم دیا، نیب نے 19 سال قبل آمدن سے زائد اثاثہ جات کی مکمل تحقیقات کیں مگر ناکام رہا۔ لاہور ہائیکورٹ آفس بینچ کے دستیاب ہونے پر کیس کو دوبارہ سماعت کیلیے مقرر کرے گا۔