پاکستان نے سرحد پر اضافی فوج تعینات نہیں کی، بھارتی فوج کا اعتراف

179

سرینگر(صباح نیوز)بھارتی فوج نے اپنے ہی میڈیا کی خبروں کی تردید کی ہے کہ بھارت اور چین کے درمیان کشیدگی کے سبب پاکستان نے لائن آف کنٹرول پر فوجیوں کی تعداد میں اضافہ کر دیا ہے۔ جرمن ٹی وی کے مطابق سری نگر میں 15ویں کور کمانڈر کے لیفٹیننٹ جنرل بی ایس راجیو کا کہنا ہے کہ فوج کو ایسا نہیں لگتا کہ بھارت چین کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں پاکستان کی جانب سے مستقبل قریب میں فوج کی بڑی تعداد میں تعیناتی کا کوئی اشارہ ملتا ہو۔بھارتی میڈیا میں یہ بحث بھی ہوتی رہی ہے کہ چین کے ساتھ جنگ کی صورت میں اگر پاکستان نے بھی ایل او سی پر ایک نیا محاذ کھول دیا تو جنگ کی صورت کیا ہوگی؟ اور کیا بھارت اس کے لیے تیار ہے؟ایل او سی پر بھارتی فوج کی کمانڈ اس وقت بی ایس راجیو کی نگرانی میں ہے۔ پاکستان نے اپنی دفاعی چوکیوں کو اپ گریڈ ضرور کیا ہے، جو وہ کشیدگی کے دوران کرتے رہتے ہیں، تاہم ہم کسی بھی کارروائی کے لیے تیار ہیں، موجودہ حالات کے پیش نظر کچھ نئے دستوں کو آگے بڑھایا ہے جس کا مقصد دفاعی پوسٹس کو بہتر کرنا ہے۔ بھارتی میڈیا پروپیگنڈا کررہا ہے کہ پاکستان نے چین کو اپنے فضائی اڈوں کے استعمال کی اجازت دی ہے جہاں چین نے اپنی فضائیہ کو تعینات کر رکھا ہے۔ تاہم پاکستان کی جانب سے ان دعوؤں کی تردید کی گئی۔