جھڈو ، غیر اعلانیہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے شہری بلبلا اٹھے

475

 

جھڈو (نمائندہ جسارت) جھڈو و گردونواح میں 24 گھنٹے میں سے 14 گھنٹے بجلی غائب، شدید گرمی میں شہری بلبلا اٹھے، شدید گرمی میں بجلی کی فراہمی میں بار بار تعطل نے شہریوں کو سخت ذہنی اذیت میں مبتلا کردیا ہے، ٹنڈو جان محمد فیڈرز پر روزانہ فالٹ کے نام پر بجلی کی چار سے چھے گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شدید گرمی میں شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی اور عوام کو دہرے عذاب میں مبتلا کردیا ہے، بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے، شہریوں کا حیسکو انتظامیہ کیخلاف سخت احتجاج اور حیسکو چیف سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ۔ جھڈو میں گزشتہ روز ٹنڈو جان محمد فیڈرز سے فراہم کی جانے والی بجلی ہفتے کی شام پونے پانچ بجے سے رات پونے ایک بجے تک مسلسل آ ٹھ گھنٹوں تک بند رہی، جس سے شہریوں کو شدید گرمی میں سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ بجلی فراہمی کے دوران بجلی کے بار بار تعطل اور بجلی کے کم وولٹیج کی وجہ سے بجلی صارفین کے لاکھوں روپے مالیت کے گھریلو استعمال کے برقی آلات جل اور خراب ہورہے ہیں، جس سے شہریوں کو شدید مالی پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اتوار کے روز بھی صبح پونے گیارہ بجے بند ہونے والی بجلی چھے گھنٹوں کی طویل بندش کے بعد شام پونے پانچ بجے بحال ہوئی، بجلی کی چھے گھنٹے طویل بندش کے دوران شدید گرمی میں خواتین، بچوں اور بزرگ شہریوں کو سخت اذیت اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ شہریوں اور بجلی صارفین کا کہنا ہے کہ حیسکو سب ڈویژن جھڈو کی نا اہل انتظامیہ اپنی کرپشن اور بجلی چوری کی سزا بجلی کی اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں غیر قانونی اضافے، بجلی فراہمی میں بار بار تعطل اور کم وولٹیج کی صورت میں جھڈو کے شہریوں اور بجلی صارفین کو دے رہی ہے جو عوام کے ساتھ سنگین ظلم اور نا انصافی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شدید گرمی میں دن اور رات کے اوقات میں فالٹ کے نام پر بجلی کی کئی کئی گھنٹوں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، بجلی فراہمی میں بار بار تعطل اور کم وولٹیج نے شہریوں کی زندگی کو عذاب بنا دیا ہے۔ شہریوں نے حیسکو چیف سے صورتحال کا فوری نوٹس لینے اور جھڈو کے عوام کو فالٹ کے نام پر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات دلا کر ریلیف دینے کا مطالبہ کیا ہے۔