ڈیرہ پولیس کی کارروائیاں ، 179 مشکوک افراد گرفتار

258

 

ڈیرہ اسماعیل خان (آئی این پی) ڈیرہ پولیس نے ماہ جون2020 ء میں نیشنل ایکشن پلان کے مطابق ضلع بھر میں 41 سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشنز کی کارروائیوں میں 66 مطلوب اشتہاریوں سمیت 179 مشکوک افراد کو گرفتار کیا۔ نیشنل ایکشن پلان کی من و عن عملداری کی تحت ڈیرہ کے پانچوں سرکلز سٹی، صدر، پروآ، پہاڑپور اور کلاچی کے علاقوں میں 41سرچ آپریشنز اچانک چھاپوں اور کریک ڈان کے تسلسل میں پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرکے قتل و اقدام قتل اور سنگین مقدمات میں مطلوب 66 اشتہاریوں سمیت 174مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ماہ جون2020 کے دوران ضلع بھر میں کریک ڈان کے نتیجہ میں زیر حراست افراد کے قبضہ سے مجموعی طور پر 14کلاشنکوف، 2 کلاکوف، 14 رائفلز، 52 بندوق، 114 پستول، 6 چاقو اور 2108 مختلف بور کے کارتوس برآمد کیے گئے۔ آپریشنز کے دوران ضلع بھر میں کرایہ کے 3173 مکانات اور 110 ہوٹلز کو چیک کیا گیا جن میں مقیم 40 غیر رجسٹرڈ افراد اور 8 ہوٹل کے خلاف کرایہ داری ایکٹ کے تحت مقدمات درج کیے گئے۔ ضلع کے1865حساس مقامات اور582مرتبہ اڈہ جات کو چیک کرکے27اہم مقامات کی سیکورٹی ایکٹ کے تحت سیکورٹی نہ ہونے پر مقدمات درج کیے گئے۔ منشیات کی سپلائی لائن کو بند کرنے کے سلسلے میں جاری کریک ڈان کے دوران پولیس نے ماہ مئی میں 97.248 کلو گرام چرس، 5.697 گرام ہیروئن، بھنگ17.870 کلوگرام، 578 گرام آئس اور 8 بوتل شراب برآمد کی گئی۔ گزشتہ ماہ میں مختلف کارروائیوں میں پولیس نے 881 مقامات پر اچانک چیکنگ کی کارروائیوں میں وی وی ایس اور سی آر وی ایس موبائل فون کی ٹیکنالوجی کی مدد سے موقع پر چھوٹی بڑی 44676 گاڑیوں بشمول موٹر سائیکلز اور 72046 افراد کا ڈیٹا چیک کرکے اشتہاری کو گرفتار کیا جبکہ 1343 افرادکو زیر دفعہ 107/151 ض ف اور 1432 افراد کو ضابطہ فوجداری کی دفعات 55/109کے تحت حراست میں لیا گیا۔ انہی کارروائیوں کے دوران مختلف اوقات میں ہوائی فائرنگ کے 3 مقدمات درج ہوکر4ملزمان بھی پولیس کے نرغے میں آیا۔ بھتے کا 1 مقدمہ درج کیا، لائوڈ اسپیکر کے غلط استعمال پر 48 مقدمات درج کیے گئے جبکہ قمار بازی کے 3 مقدمات درج ہوکر 22 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح گزشتہ ماہ میں 23 پیٹرولیم ایکٹ کے تحت 7 مقدمات درج ہوئے جس میں ملوث 7 افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 5045 لیٹر ایرانی ڈیزل اور 1020 لیٹر ایرانی پیٹرول برآمد ہوا۔