ملکی مسائل کا حل اسلامی نظام میں ہے ، مولانا عبدالحق

219

 

کوئٹہ (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ بلوچستان سمیت ملک کے تمام مسائل کا حل اسلامی نظام کا قیام اور دیانتدار قیادت ہے۔ گیلانی سے لیکر عمران خان تک حکمرانوں نے بلوچستان کے اصل مسائل کو حل اور محرومیوں کو ختم کرنے کے بجائے اپنی کرسی مضبوط کرنے کے لیے روایتی جاگیردارانہ طبقے کو راضی رکھا ہے۔ بدقسمتی سے بلوچستان کے عوام کیساتھ نہ وفاق نے وفا کی نہ اپنے صوبائی حکومت منتخب نمائندوں نے وفا کی۔ بدعنوانی کا راستہ روک کر ہی ہم ترقی وخوشحالی کی جانب گامزن ہوسکتے ہیں۔ کسی لٹیرے کو آج تک سزانہ ملناکرپشن کو دوام دینے کی سازش وکوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اقتدار کے بغیر ہر فورم پر بلوچستان کے حق حاکمیت تسلیم کرنے سے لیکر عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور آواز اٹھائی ہے۔ ستم ظریفی تو یہ ہے کہ جن لوگوں نے اقتدار کے مزے اور حقوق بلوچستان پر سودے بازی کر کے اپنے مفادات کی تکمیل کی آج وہی پھر بلوچستان کے حقوق کی بات کر کے کس کو بیوقوف بنا رہے ہیں۔ مائنس ون یا ٹو کا مسئلہ نہیں ہے، فرسودہ و ظالمانہ نظام کا خاتمہ اور کرپٹ قیادت سے نجات کے بغیر مسائل حل نہیں ہوں گے کیونکہ ایک فرد کے آنے جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ جماعت اسلامی مظلوم، مزدور اور غریب دشمن نظام کیخلاف اور اسلام کے عادلانہ نظام کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ چہروں کے بجائے نظام کی تبدیلی سے ہی مسائل حل ہوسکتے ہیں، ہم عدل وانصاف کے اسلامی حکومت کے قیام کے لیے جدوجہد کررہے ہیں، عوام ظلم وجبر کے خاتمے، اسلامی حکومت کے قیام اور مسائل کے حل کے لیے ہمارا ساتھ دیں۔