ہر کارکن منورحسن کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گا‘ اسامہ رضی

322

کراچی(اسٹاف رپورٹر)منورحسن نے عمل کی دنیا میںفکری انقلاب کے بعد سماجی انقلاب کو درجہ کمال تک پہنچایا۔منورحسن نظریاتی کارکنان کے فکری قائد،رہنما،مرشداور وہ ہم سب کے فکری باپ تھے۔تحریک اسلامی کا ہر کارکن منورحسن بن کر ان کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گا۔یہ بات جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر ڈاکٹر اسامہ بن رضی نے جماعت اسلامی علاقہ کورنگی غربی کے تحت مسجد رحمت اللہ والا ٹاون کورنگی میںسابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن کی یاد میں منعقدہ ,,تعزیتی ریفرنس ،، سے اپنے خصوصی خطاب میں کہی۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع کورنگی عبدالجمیل خان،ناظم علاقہ کورنگی غربی منصور فیروزاورمسجد رحمت کے خطیب مولانا سید عبدالواسع نے بھی خطاب کیا۔جبکہ اس موقع پر نائب امیر ضلع عاشق علی خان،چودھری سرفراز احمد،قاری منصور،محمد ہارون،سیداورنگزیب حیدر ،ہلال احمد ودیگر ذمے داران بھی موجود تھے۔ڈاکٹر اسامہ بن رضی نے کہا کہ سید منورحسن عالمی اسلامی تحریکوں کے قائد تھے اور پوری دنیا ان سے رہنمائی حاصل کرتی تھی ۔انہوںنے کہاکہ سید منورحسن نے مجاہدین کو مجاہد قرار دیا اور افغانستان کی جنگ کو غیروں کی جنگ قرار دیا۔آج پاکستان کا دفتر خارجہ اور ترجمان سید منورحسن کی بات کو درست قرار دے رہے ہیں اور آئندہ غیروں کی جنگ میں شریک نہ ہونے کا عندیہ دیا جا رہا ہے ۔امیر ضلع کورنگی عبدالجمیل خان نے کہا منورحسن نے اپنی پوری زندگی اقامت دین کے کام پر لگا دی اور وہ سچے عاشق رسول ﷺ اور انقلاب کے داعی تھے۔ناظم علاقہ منصور فیروز نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک نظریاتی تحریک ہے ۔مولانا عبدالواسع نے کہا کہ قرآن وسنت کا نظام ہی تمام مسائل کا واحد حل ہے۔