ْْْْْاسٹیل ملز کے مزدوروں کی برطرفی برداشت نہیں ، سردار عبدالرحیم

341

کراچی(اسٹا ف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکرٹری اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے ترجمان سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹیل ملز سے ہزاروں مزدوروں کو برطرف کرنے کی منصوبہ بندی کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کریں گے، جی ڈی اے پاکستان میں کسی بھی مزدور کو بیروزگار دیکھنا نہیں چاہتی، انہوں نے یہ بات فنکشنل لیگ لیبر یونین اسٹیل ملز کے رہنماؤں عبدالحق چنہ اور عبدالخالق سے ملاقات کرتے ہوئے کہی۔ سردار عبدالر حیم نے کہا ہے کہ اسٹیل ملز سے محنت کشوں کی برطرفی کرنے کا فیصلہ منسوخ کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ پاکستان اسٹیل مل ایک قومی اثاثہ ہے اور ملک کی معیشت کو مضبوط کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ضرورت اس بات کی ہے کہ اسٹیل مل کی پیداوار بحال کی جائے اور اسٹیل مل کے ریٹائرڈ ملازمین کے تمام واجبات ادا کیے جائیں، لیبر یونین کے رہنماؤں سے بات چیت کرتے ہوئے سردار عبد الرحیم نے مزید کہا کہ جی ڈی اے اسٹیل مل ملازمین کے ساتھ اس جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑی ہے، جی ڈی اے بھرپور مطالبہ کرتی ہے کہ برطرف کیے گئے تمام مزدوروں کو بحال کیا جائے اور ریٹائرڈ ملازمین کو واجبات ادا کی جائیں۔