صحت کی سہولیات کیلئے 5097 ملین روپے مختص کردیئے،میئر

236

کراچی(صباح نیوز)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ شہریوں کو میڈیکل اور ہیلتھ کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے نئے مالی سال میں 5097. 242 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں، عباسی شہید اسپتال میں مفت کورونا وائرس ٹیسٹ کی سہولت سے شہریوں کا کے ایم سی کے اسپتالوں پر اعتماد بڑھا ہے ،عباسی شہید اسپتال میں کورونا کے مریضوں کے داخلے کیلیے علیحدہ سے وارڈ قائم کردیا ، جہاں 18 وینٹی لیٹرز کے ساتھ آئی سی یو کی سہولیات بھی موجود ہیں۔یہ بات انہوں نے نئے مالی سال میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے اسپتالوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔میئر کراچی نے کہا کہ ہم بھر پور کوشش کررہے ہیں کہ عباسی شہید اسپتال، کراچی انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز، کراچی انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز، لانڈھی میڈیکل کمپلیکس اور سوبھراج اسپتال سمیت دیگر تمام طبی اداروں کی کارکردگی اور سہولیات مزید بہتر کی جائیں تاکہ غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد ان اسپتالوں میں بلا معاوضہ طبی سہولیات سے مستفید ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث اسپتالوں میں مریضوں کا رش بے انتہا ہے اور کراچی کے شہریوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، کراچی کے بڑے اسپتالوں میں فیس اور اخراجات اتنے زیادہ ہیں کہ وہ سفید پوش اور غریب شہریوں کے لیے ناقابل برداشت ہیں۔ میئر کراچی نے ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر بیربل گینانی کو ہدایت کی کہ وہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تمام اسپتالوں کو فعال رکھیں، انہیں بتدریج جدید طبی آلات، ادویات اور دیگر ضروری سامان فراہم کریں اور ڈاکٹرزاور پیرامیڈیکل اسٹاف کی حاضری کو یقینی بنائیں، وسیم اختر نے مزید کہا کہ میری ترجیحات میں شہریوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنا شامل ہیں ا س لیے کوئی کوتاہی قابل برداشت نہیں ہوگی۔