کراچی کی صورتحال انتہائی تشویشنا ک ہوچکی ہے ‘مصطفی کمال

314

کراچی(صباح نیوز)چیئر مین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفی کمال نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاک سر زمین پارٹی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو کراچی کے تمام مسائل کے قابل عمل حل پیش کر رہی ہے۔ کورونا سے کے الیکٹرک، فراہمی آب سے فراہمی وسائل اور روزگار سے کاروبار تک کے تمام مسائل کا قابل عمل حل ہمارے سوا کسی کے پاس نہیں ہے۔ کراچی پاکستان کا دل ہے، اس دل پر بڑے دعووں کیساتھ جتنے بھی تجربات کیے گئے ہیں وہ سارے تجربات ناکام ہوگئے ہیں جسکی وجہ سے پاکستان کے دل کی حالت انتہائی تشویشناک ہوچکی ہے، تجربات کرنے والے لوگ اللہ سے معافی مانگیں، اب اسکے سوا کوئی چارہ نہیں کہ اس دل کا بائی پاس آپریشن کیا جائے تاکہ پاکستان کو بچایا جاسکے۔پاکستان کو تجربات کی نذر کرنے والوں سے کہتا ہوں کہ خدارا قابل اور صاحب کردار لوگوں کو حکومت کرنے دیں تاکہ ملک کو بچایا جاسکے اور پاکستان ترقی کرسکے۔
ان خیالات اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کارکنوں اور ہمدردوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں کا المیہ یہ ہے کہ انہیں ہم نے ہر معاملے پر جتنے مشورے دیے وہ انہوں نے سنے ہی نہیں جسکے نتیجے میں آج تک شدید نقصان اٹھایا جارہا ہے۔