طویل لوڈشیڈنگ اورہزاروںکے بل سے عوام کے اوسان خطاہوگئے‘خالد خان

214

کراچی ( پ ر)نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی زون کے صدر خالد خان اور جنرل سیکرٹری قاسم جمال نے مشترکہ بیان میںکے الیکٹرک کی جانب سے کراچی کے شہریوں کے لیے بجلی کی قیمتوں میں کیے جانے والے اضافے پر سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ایک جانب شدید گرمی میں کے الیکٹرک کی جانب سے طویل دورانیہ کی بدترین لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ۔حکومت کی جانب سے لاک ڈائون کی وجہ سے عوام کو گھروں پر رہنے کی تاکید کی جارہی ہے اور دوسری جانب کے الیکٹرک نے طویل ترین لوڈشیدنگ کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہوا ہے ۔بجلی کے بلوں میں ہزاروں روپے کے اضافے کے ساتھ عوام کے اوسان خطا ہوگئے ہیں لیکن کے الیکٹرک کی بے حس انتظامیہ کو لوٹ مار کے سواء کوئی کام نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے صبر کا پیمانہ اب لبریز ہوچکا ہے ۔عوام اب سڑکوں پر نکلیں گے اور کے الیکٹرک کے ظلم اور لوٹ مار کے خلاف پوری قوت کے ساتھ احتجاج کیا جائے گا۔عوام پہلے ہی لاک ڈائون بے روزگاری سے پریشان ہیں ۔ان حالات میں کے الیکٹرک نے عوام کو سڑکوںپر نکلنے پر مجبور کردیا ہے ۔
اب اگر شہر کے حالات خراب ہوئے تو تمام تر ذمے داری حکومت وقت اور کے الیکٹرک کی انتظامیہ پر عائد ہوگی۔محنت کش طبقہ دن بھر تھک ہار کر گھر آتا ہے تو پوری رات بجلی غائب رہتی ہے ۔