میڈلز جیتنے کیلیے ہر ضلع میں سوئمنگ پول بنائے جائیں ، اورنگ زیب

248

لاہور(جسارت نیوز) سابق نیشنل سوئمر اور سوئمنگ کوچ اورنگ زیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں سوئمنگ کے کھیل کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے جو سوئمنگ پول سمیت دیگر سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے ضائع ہو رہا ہے اگر پاکستان سوئمنگ کے انٹرنیشنل مقابلوں میںمیڈلز جیتناچاہتا ہے تو حکومت تعلیمی اداروں میں سوئمنگ کے کھیل کو لازمی قراردے اور پاکستان کے ہر ضلع میں سوئمنگ پول بناکر عالمی معیار کی جدید سہولیات فراہم کرکے ملکی و غیر ملکی کوچز سے نوجوان سوئمرز کی ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ 18سال تک پنجاب اسپورٹس بورڈ کے ساتھ بطور سوئمنگ کوچ کام کرنے والے سابق نیشنل سوئمر اورنگ زیب نے کہا کہ سوئمنگ ایک ٹف اور انفرادی کھیل ہے جو حکومت کی سرپرستی کے بغیر پروان نہیں چڑھ سکتا، ملک میں سوئمنگ پولز کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے جب تک پاکستان کے ہر ضلع میں سوئمنگ پول نہیں ہوں تب تک یہ کھیل گراس روٹ لیول سے فروغ نہیں پاسکے گا۔لاہور جمخانہ کے سوئمنگ کوچ اورنگ زیب نے کہا کہ گراس روٹ لیول سے سوئمنگ کے کھیل کا فروغ حکومتی تعاون کے بغیر ممکن نہیں ہے،نیا ٹیلنٹ منظرعام پر لا نے کیلئے انٹر اسکولز ، انٹر کالجز اور انٹر یونیورسٹی سوئمنگ چمپئن شپ سمیت سوئمنگ کے زیادہ سے زیادہ ایونٹس کا انعقاد یقینی بنایا جائے تو ملک کیلئے نئے ٹیلنٹ کی ایک بڑی کھیپ تلاش کی جاسکتی ہے نئے ٹیلنٹ کو پاکستان ا سپورٹس بورڈاور چاروں صوبوں کے ا سپورٹس بورڈز عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرکے گروم کریں تو پاکستان سوئمنگ کے انٹر نیشنل مقابلوں میں میڈلز جیت سکتا ہے۔