روس میں نئے قوانین کا نٖفاذ ، انتخابی اہلیت کا معیار انتہائی سخت

260

 

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک) روس میں قانونی ترامیم پر ریفرنڈم کے بعد انتخابات میں امیدواروں کی اہلیت کا معیار انتہائی سخت کر دیا گیا ۔ خبررساں اداروں کے مطابق ریفرنڈم کے بعد جہاں صدر پیوٹن دو بار صدارتی انتخابات کے لیے اہل ہو گئے ہیں ، وہاں ان کے حریف کڑی شرائط کے تحت نا اہل قرار دیے جارہے ہیں۔ صدارتی الیکشن میں شریک ہونے والے امیدوار کے لیے شرط ہے کہ وہ 25سال سے روس میں مقیم رہا ہو۔ اس قانون کے باعث یپوٹن کے سب سے سخت مخالف اور ناقد الیکسی ناولنی 15برس تک انتخابات میں کھڑے ہونے کی اہلیت سے محروم ہو گئے ہیں۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پیوٹن نے کڑی شرائط کے تحت انہی باتوں کو ملحوظ رکھا ،جس پر وہ خود تو پورا اترتے ہوں اور ان کے مخالفین پر جھاڑو پھر جائے۔ اصلاحات میں ریٹائرڈ شخص کے لیے کم از کم پینشن مقرر کرنا بھی شامل ہے۔ دوسری جانب یورپی یونین نے روس میں ریفرنڈم کے دوران ہونے والی ووٹنگ پر سوال اٹھادیے اور پولنگ میں بے ضابطگیوں کی تفتیش کا مطالبہ کیا ہے ۔ اس سے قبل روسی اپوزیشن بھی ریفرنڈم کی شفافیت پر تحفظات کا اظہا ر کرچکی ہے۔