یہودی آبادکاری کیخلاف احتجاج‘ اسرائیلی فوج اور مظاہرین میں تصادم

217

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر قلقیلیہ میں یہود آبادکاری کے خلاف نکالی گئی ریلی پراسرائیلی فوج نے فائرنگ کردی، جس سے 15 فلسطینی زخمی ہو گئے۔ فلسطینی ہلال احمر کے مطابق مغربی نابلس میں کفر قدوم کے مقام پر نکالی گئی ریلی صہیونی فوج آنسوگیس کی شیلنگ، لاٹھی چارج اور براہ راست فائرنگ کی۔ اس موقع پر وہاں شدید بارش شروع ہوگئی، تاہم سیکڑوں فلسطینیوں نے ریلی میں شرکت کی۔ اسرائیلی فوج کے تشدد کے جواب میں مشتعل فلسطینیوں نے بھی جواب دیا،جس سے 2 اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے۔ واضح رہے کہ تل ابیب کی جانب سے مقبوضہ علاقوں کے انضمام کے اعلان کے بعد سے فلسطین بھر میں 3روز سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور فلسطینی بچے اور عورتیں بھی صہیونی حکومت کے خلاف گھروں سے نکل کر احتجاج کررہیں۔ ادھر صہیونی حکام نے لد شہر میں فلسطینی خاندان کا مکان مسمار کر دیا جس کے نتیجے میں خواتین اور بچے کھلے آسمان تلے رات گزارنے پر مجبور ہوگئے۔