مندر کی تعمیر پر اسلامی نظریاتی کونسل سے مشاورت کی جائے،وزیراعظم

354

اسلام آباد(نمائندہ جسارت،خبر ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں مند کی تعمیر کے معاملے پر اسلامی نظریاتی کونسل سے رہنمائی اور مشاورت حاصل کرنے کی ہدایت کردی۔اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات کے بعد ہندو برادری کی عبادت گاہ کی تعمیرکیلیے فنڈز سے متعلق فیصلہ وزیراعظم کرینگے۔ اس حوالے سے تمام تر سماجی اور مذہبی پہلوئوں کو مدنظر رکھ کر فیصلہ ہوگا۔وزیراعظم عمران خان سے وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے ملاقات کی اور اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا۔ذرائع کے مطابق وزیر مذہبی امور نے مندر کی تعمیر کے معاملے کی حساسیت اور مذہبی و سیاسی حلقوں کی جانب سے آنے والے ردعمل سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔علاوہ ازیںوزیراعظم عمران خان نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے قیام کے 100 دن مکمل ہونے کے موقع پر این سی او سی کا دورہ کیا۔ وفاقی وزراء، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صوبوں کے نمائندے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ پی ایم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیراعظم کو کوویڈ 19 کی موجودہ صورتحال اور اس کے پھیلاؤ کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو پاکستان کی اسمارٹ لاک ڈائون کی حکمت عملی کے تحت صحت اور معاش کے درمیان توازن، ملکی معیشت کو رواں رکھنے اور کورونا کی وبا کی روک تھام کی کوششوں میں غریب اور محنت کش طبقے کے مسائل کے حل جیسے اقدامات کے نتائج سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کورونا کی وبا کے خلاف مؤثر ردعمل اور ملک بھر میں مربوط اقدامات یقینی بنانے کے لیے این سی او سی ٹیم کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ این سی او سی نے کورونا کے خلاف صورتحال کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ، صحت کے نظام کی استعداد بڑھانے، قابل اعتبار ڈیٹا بیس کی تیاری اور مناسب ایس او پیز کی تشکیل میں قائدانہ کردار ادا کیا ہے۔ وزیراعظم نے کورونا کی صورتحال میں ایس او پیز کی پیروی کرنے اور وبا کا چیلنج کے طور پر مل کرمقابلہ کرنے پر پوری قوم کو سراہا۔ وزیراعظم نے کورونا کے حوالے سے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے، ا سمارٹ لاک ڈائون کی حکمت عملی کے نفاذ کے لیے ضروری انتظامی اقدامات اٹھانے اور عوامی آگاہی کی مہم جاری رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر وباء کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ اسمارٹ لاک ڈائون کے بہتر نتائج آئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے تمام صوبوں بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اسٹاف، ایمرجنسی ورکرز اور انتظامی ٹیموں کے کردار اور خدمات کا بھی اعتراف کرتے ہوئے انہیں سراہا۔