حکومت ٹڈی دل کے مکمل خاتمے کے لیے فنڈز مختص کرے، علی احمد

207

فیصل آباد (جسارت نیوز) کسان بورڈکے ضلعی صدرعلی احمد گورایہ نے کہا ہے کہ حکومت نے ٹڈی دل کی بڑھتی ہوئی تعداد کو کنٹرول کرنے کے لیے فوری اقدامات نہ کیے تو خریف بالخصوص کپاس کی فصل کو شدیدنقصان کا اندیشہ ہے، ملک کو قحط سالی سے بچانے کے لیے ٹڈی دل ایمرجنسی کا اعلان کورونا وائرس کی طرح کرنا ضروری ہے، حکومت ٹڈی دل وبا کے مکمل خاتمے کے لیے فنڈز مختص کرے، حکومت چھوٹے بڑے کاشتکاروں اور زراعت کے اسٹوڈنٹس کو ٹڈی دل خاتمہ پروگرام میں شامل کرے، کسانوں کو ٹڈی دل کے انڈے ضائع اور ختم کرنے کے لیے تربیت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ٹڈی دل کی روک تھام کے لیے فوری طور پر مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو ملک قحط سالی کا شکار ہوسکتا ہے۔ پنجاب میں اس وبا سے گزشتہ سال کے دوران ربیع فصلات کے کئی ہزار ہیکٹر تباہ ہوئے ایک اندازے کے مطابق صرف 25 فیصد فصلیں تباہ ہونے سے تقریباً 2.6 بلین یو ایس ڈالر پاکستان کو نقصان ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس مسئلے پر ہمسایہ ممالک سے بھی اتحاد کرنا چاہیے۔ اس وبا پر حکومت کی عدم توجہ سے محسوس ہوتا ہے کہ پاکستان کے پاس ماہرین کی شدید کمی، ٹیکنالوجی اور فنڈز بھی نہیں ہیں، جس کو یونائٹڈنیشن میں بحث میں لایا جائے کیونکہ یہ عالمی مسئلہ ہے اور پاکستان اور بھارت میں فصلوں کی تباہی عالمی عدم تحفظ خوراک کے مسئلے کو جنم دے سکتی ہے، کورنا وائرس کے دور میں اسکے منفی اثرات عام بتائے جانے والے اثرات سے کہیں زیادہ ہیں۔