بلوچستان، حادثات و واقعات میں دو افراد قتل، کانکن جاں بحق

240

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) نصیر آباد میں فائرنگ کے 2 مختلف واقعات میں تاجر سمیت 2 افراد قتل جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا، ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی کی اناج منڈی میں موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر کے دکان پر بیٹھے ہوئے تاجر حاجی بہرام خان اور عبدالنبی کو شدید زخمی کردیا، ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، واقع کی اطلاع ملنے پر سٹی پولیس موقع پر پہنچ گئی، زخمیوں کو سول اسپتال ڈیرہ مراد جمالی منتقل کردیا گیا، جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے تاجر حاجی بہرام خان جاں بحق ہوگئے۔ واقعہ کے متعلق مزید کارروائی سٹی پولیس کررہی ہے جبکہ دوسرے واقعہ میں نصیر آباد کے علاقے پولیس تھانہ بابا کوٹ کی حدود گوٹھ دھنی بخش میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ہادی بخش جاں بحق ہوگیا۔ لاش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی، قتل کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی، مزید کارروائی پولیس کررہی ہے۔ بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں کوئلے کی کان میں حادثہ، ایک کان کن جں بحق۔ اطلاعات کے مطابق ہرنائی کے علاقے خوسٹ میں کوئلے کی کان میں دوران کام ٹھیلہ الٹنے سے کے پی کے کا رہائشی کمال الدین نامی مزدور موقع پر جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش کو قریبی ہیلتھ سینٹر لے جایا گیا، جہاں پر ضروری کارروائی کرنے کے بعد لاش کو ورثا کے حوالے کردیا گیا۔