عالمی برادری مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لے، اسد مجید

351

واشنگٹن (اے پی پی) اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر اسد مجید نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اسد مجید نے ہفتہ وار امریکی اخبار ’’دی واشنگٹن ڈپلومیٹ‘‘ کے زیر اہتمام ایک آن لائن مباحثے کے دوران کہا کہ بھارت نے کورونا وائرس کی آڑ میں مقبوضہ وادی میں اپنے وحشیانہ مظالم بڑھا دیے ہیں، مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی ابتر صورت حال اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے ایک وبائی مرض کے دوران 80 لاکھ کشمیریوں کو تمام ذرائع مواصلات سے محروم کر رکھا ہے جبکہ کہ وہ بلا جواز گرفتاریوں، تشدد، جبری گمشدگیوں اور پیلٹ بندوقوں کے استعمال کے ذریعے حق خودارادیت کے حصول کی کشمیریوں کی تحریک کو دبانے کی کوشش کررہا ہے۔ اسد مجید نے کہا کہ بھارت نے اب مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کیلیے ایک آرڈیننس جاری کیا ہے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور عالمی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جنتا پارٹی کیلیے مقبوضہ کشمیر اپنے مذموم ایجنڈے کیلیے ایک تجربہ گاہ ہے اور یہ ایجنڈا اب پورے بھارت میں نافذ کیا جا رہا ہے۔