قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں مزید2کشمیری شہید‘ مجاہدین سے جھڑپ میں افسرسمیت تین فوجی زخمی

233

سری نگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں ضلع کولگام میں دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اس سے قبل اسی علاقے میں ایک حملے میں ایک جونیئر کمیشنڈ افسر سمیت بھارتی فوج کے3 اہلکار زخمی ہو گئے تھے ۔ فوجیوں نے جموں خطے کے ضلع راجوری کے علاقوں ڈوڈاسن پائین اور ڈوڈا سن بالا میں بھی بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کر دیاہے۔ آخری اطلاعات تک کولگام اور راجوری کے علاقو ں میں بھارتی فوج کے آپریشن جاری تھے۔ ادھرکشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی طر ف جاری کی جانے والی ایک تجزیاتی رپورٹ میں کہا گیا کہ تنازع کشمیر مقبوضہ کشمیر میں انسانی زندگیوں پر بہت بھاری ثابت ہو رہا ہے اور اس تنازع نے 7دہائیوں کے دوران بالعموم جبکہ 1989 سے لے کر اب تک بالخصوس لوگوں کی زندگی کے ہر پہلو پر منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر دنیا کا واحد خطہ ہے جہاں لوگ انسانی حقوق کے بغیر زندگی بسر کر رہے ہیں کیونکہ بھارت نے ان کی تمام بنیادی آزادیاں سلب کررکھی ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں لوگوں کا قتل، ماورائے عدالت پھانسیاں ، گرفتاریاں ، تشدد ، پرامن مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال ، املاک کی تباہی اور خواتین کی آبروریزی معمول بن چکا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے جنوری 1989 سے اب تک مقبوضہ کشمیر میں 95ہزار615افراد کو شہید کیا ہے۔گزشتہ ماہ ضلع گاندربل کے علاقے گنگ بل میں ٹریکنگ کے دوران لاپتہ ہونے والے کشمیری ریسرچ اسکالر ہلال احمد کے اہلخانہ نے سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے بارے میںمعلومات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔