غیر قانونی تعمیرات ‘چیئرمین سی ڈی اے ، مئیراور سیکرٹری ماحولیات طلب

216

اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان تحفظ موحولیات ایجنسی کی منظوری کے بغیر تعمیرات کے کیس میں چیئرمین سی ڈی اے، مئیر اسلام آباد، سیکرٹری ماحولیات کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے نالوں پر تعمیرات کی منظوری نہیں دے سکتا۔ڈی جی تحفظ ماحولیات نے کہا کہ اسلام آباد میں ہمارا کوئی مددگار نہیں۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ بے یارو مددگار کیسے ہیں؟ ڈی جی انوائرمنٹل نے جواب دیا کہ 3 روز قبل وزیرِ اعظم عمران خان نے 3 پروجیکٹ کا سنگِ بنیاد رکھا، چیئرمین سی ڈی اے سب جانتے ہوئے بھی یہ سب کچھ کرا رہے ہیں۔ڈی جی انوائرمنٹل پروٹیکشن نے یہ بھی کہا کہ زیرو پوائنٹ پر کام کی ہم نے نشاندہی کی تھی تو وزیرِ اعظم نے کام رکوا دیا تھا۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین سی ڈی اے، مئیر اسلام آباد اور سیکرٹری ماحولیات کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔