بحرین میں قرنطینہ کی خلاف ورزی پر 7 افراد کیخلاف قانونی کارروائی شروع

438

بحرین میں قرنطینہ شرائط کی خلاف ورزی کرنے والے 7 کورونا مریضوں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق  بحرین میں کورونا مریضوں کو قرنطینہ کی لازمی پابندی کی خلاف ورزی مہنگی پڑ گئی،  پبلک پراسیکیوٹر نے شکایات پر مذکورہ مریضوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی شروع کردی۔

چندروز قبل 7 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس پر انہیں قرنطینہ کردیا گیا تاہم انہوں نے تمام شرائط اور پابندیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے قرنطینہ سینٹر چھوڑ دیا اور گھر منتقل ہوگئے۔

ان 7 مریضوں میں سے 5 دائمی بیماریوں میں مبتلا تھے جب کہ 2 کی عمریں 60 سال سے زائد تھیں جنہیں احتیاطی تدابیر کے تحت قرنطینہ کیا گیا تھا تاہم وہ ہدایات کے برخلاف بغیر اجازت  گھر چلے گئے جس پر ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔

پبلک پراسیکیوٹر کا کہنا ہے کہ 14 روزہ قرنطینہ کی لازمی پابندی مکمل کیے جانے کے بعد ان افراد کو عدالت میں پیش کیا جائے گا ۔