کورونا ختم نہیں ہوا، خطرہ ابھی موجود ہے: وزیر اطلاعات

501

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا ابھی ختم نہیں ہوئی لہٰذا خطرہ ابھی بھی موجود ہے۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کورونا پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی اپنائی، عمران خان کی اسمارٹ لاک ڈاون کی حکمت عملی آج پوری دنیا اختیار کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نتائج سامنے آرہے ہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ کورونا وائرس سے متعلق حالات قابو میں ہیں لیکن ابھی خطرہ ٹلا نہیں، خطرہ ابھی بھی موجود ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے دن رات کام کیا، این سی او سی نے جس طرح صورتحال میں کام  کیا قابل تعریف ہے ، 100 دن این سی او سی نے کورونا وباء سے متعلق دن رات کام کیا۔