حکومت گرانے کیلئے غیر آئینی طریقے کی حمایت نہیں کریں گے،ن لیگ

381

اسلام آباد ( آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مائنس عمران خان کا مطالبہ غیر جمہوری نہیں، حکومت ہٹانے کے لیے کبھی بھی غیر آئینی طریقے کی حمایت نہیں کریں گے، عمران خان کی موجودگی میں پارلیمنٹ ’عضو معطل‘ بن گئی ہے، اگر جمہوریت کا تسلسل چاہیے تو عمران خان کو مائنس ہونا پڑے گا ۔ غیر ملکی ویب سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان کی ساکھ100 فیصد ختم ہوچکی ہے وزیراعظم خود ایک بھی وعدے کی تکمیل نہ کر سکے جو اقتدار میں آ کر انہوں نے دہرائے۔ عمران خان کی موجودگی میں پارلیمنٹ ’عضو معطل‘ بن گئی ہے حکومت کی تبدیلی کے طریقہ کار حالات خود بنا دیتے ہیں ۔حکومت کے آنے جانے کا فیصلہ آئین کرے نہ کہ غیر جمہوری یا ماورائے قانون طریقے سے اس کا تعین ہو۔ انہو ںنے کہاکہ مائنس عمران خان کا مطالبہ غیر جمہوری مطالبہ نہیں ہم کسی بیرونی قوت سے عمران خان کو ہٹانے کا مطالبہ نہیں کر رہے بلکہ تحریک انصاف سے کہہ رہے ہیں کہ جمہوریت کی بالادستی اور حالات میں بہتری کے لیے عمران خان کی جگہ کسی اور کو اپنا لیڈر چن لے میں سمجھتا ہوں کہ اگر جمہوریت کا تسلسل چاہیے یا موجودہ حالات سے ریکوری چاہیے تو مائنس ون ہونا چاہیے پی ٹی آئی متبادل قیادت لے آئے، وزیر اعظم اپنی پارٹی کے اکابرین کی راہ میں بھی رکاوٹ بنے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ گزشتہ 2 سال کے دوران پارلیمنٹ میں اپوزیشن جماعتوں کی کارکردگی بڑی مؤثر رہی ہے۔ اس کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ وزیر اعظم ایوان میں آنے سے ڈرتے ہیں۔ ، حکومت دن بدن کمزور ہو رہی ہے میں سمجھتا ہوں کہ اپوزیشن آہستہ آہستہ زیادہ جگہ بنا رہی ہے اور حکومت پیچھے ہٹ رہی ہے۔ خصوصاً اس بجٹ کے بعد تو حکومت کی مقبولیت ختم ہوگئی ہے۔