کورونا صورتحال ملک بھر میں بہتر کراچی میں ابتر ہورہی ہے،اسد عمر

344

اسلام آباد/کراچی (نمائندہ جسارت/ خبر ایجنسیاں/ مانیٹرنگ ڈیسک/ اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستان میں اسمارٹ لاک ڈاؤن اور حفاظتی تدابیر اپنانے سے مجموعی طور پر کورونا وائرس کی روک تھام کی صورتحال بہتر ہوئی ہے لیکن سندھ بالخصوص کراچی میں بہتری نظر نہیں آرہی‘ اگر انتظامی کارروائی نہیں کریں گے تو ہوسکتا ہے کہ ملک میں رواں ماہ کے دوران 12 لاکھ افراد کورونا سے متاثر ہوں‘صرف کراچی میں بہتری نظر نہیں آئی جس کے لیے سندھ حکومت کے ساتھ مل کر حکمت عملی بنا رہے ہیں۔ اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ سندھ کی صورتحال پر چیف سیکرٹری سندھ اور صوبائی وزیر صحت عذرا پیچوہو کے ساتھ ایک اجلاس ہوا ہے جس میں صورتحال کی بہتری کے لیے مزید مربوط طریقے سے کام کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر صحت سندھ کے میڈیا کو آرڈنیٹر میران یوسف نے ایک ٹوئٹر پیغام میں بتایا تھا کہ کراچی میں کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہونے والے مریضوں کی تعداد 12 سو سے زاید ہوچکی ہے‘ ملک میں کورونا کے باعث اموات کی تعداد 4 ہزار 551 ہے اس لحاظ سے مجموعی تعداد کی تقریباً ایک چوتھائی اموات کراچی میں ہوئیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق صحت یاب افراد کی تعداد ایک لاکھ 13 ہزار 623 ہوگئی‘ گلگت بلتستان میں کوئی مریض وینٹی لیٹر پر نہیں‘ گزشتہ 24 گھنٹے میں 4 ہزار 87 نئے پازیٹو کیسز، 78 افراد کا انتقال ہوا۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 22 ہزار 941 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سندھ کے 9 ہزار 436، پنجاب کے8 ہزار521، خیبر پختونخوا کے1867، اسلام آباد کے2 ہزار 324، بلوچستان کے 459، گلگت بلتستان کے101 اور آزاد کشمیر کے233 ٹیسٹ شامل ہیں۔ ملک بھر میں436 کورونا مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ ملک بھر سے اب تک223728 مصدقہ کیسز ہیں جن میں سے سندھ کے 90721 پنجاب کے78ہزار956، خیبر پختونخوا کے27 ہزار506، اسلام آباد کے13ہزار 195، بلوچستان کے10ہزار666، گلگت بلتستان کے1524اور آزاد کشمیر کے1160 مریض شامل ہیں۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کورونا کا شکار ہوگئے‘کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو گھرمیں قرنطینہ کرلیا ہے‘ گھر سے ہی فرائض سرانجام دیں گے۔