سی پیک ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے،وزیراعظم

117

اسلام آباد(آن لائن،صباح نیوز ،اے پی پی) وزیرِ اعظم عمران خان کی صدارت میں چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت منصوبوں کی پیش رفت پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں وزیراعظم نے سی پیک اتھارٹی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہارکیا ۔ وزیراعظم کو جاری منصوبوں کی مو جودہ صورت حال کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعظم نے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی کے حوالے سے ایک بہترین منصوبہ ہے اور پاکستان کے روشن مستقل کی ضمانت ہے ۔ وزیر اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک چین دوستی کے مظہر سی پیک منصوبے کو ہر حال میں پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے اور اس کے ثمرات ہر خاص وعام پاکستانی تک پہنچائے جائیں گے ۔وزیراعظم نے سی پیک اتھارٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ اس ادارے کی کارکردگی اور استطاعت کو مزید موثر بنانے کے لئے تما م ضروری اقدامات کیے جائیں۔ اجلاس میں وفاقی وزارء اسد عمر، مخدوم خسرو بختیار، عمر ایوب، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ اور متعلقہ وزارتوں کے اعلی حکام نے شرکت کی۔علاوہ ازیںوزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ شہرو ں کے بے ہنگم پھیلائو کی وجہ سے فوڈسیکورٹی کو بھی مستقبل میں شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔شہروں کے پھیلاؤ سے ماحولیات کو شدید خطرات لاحق ہوئے ہیں۔ سر سبز علاقے محدود اورزرعی زمینوں کے رقبے متاثر ہو رہے ہیں۔ماسٹر پلانز کو ازسر نو ترتیب دینے میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کیا جائے تاکہ یہ کام جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔جمعہ کووزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی دارالحکومت ، صوبہ پنجاب اور صوبہ خیبرپختونخوا کے بڑے شہروں کے ماسٹر پلان کو ازسر نو ترتیب دینے کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔اجلاس میں مشیر ماحولیات ملک امین اسلم، ممبر قومی اسمبلی و ماہر ٹان پلاننگ خیال زمان،چیئرمین نیا پاکستان ہاسنگ اتھارٹی ، سیکرٹری ہاسنگ و دیگر سینئر افسران شریک جبکہ چیف سیکرٹری پنجاب سمیت صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے اعلی حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہر شہر کے محرکات اور سماجی و معاشی سرگرمیوں کو مدنظر رکھ کر ماسٹر پلان میں ترامیم و اپ گریڈیشن کا عمل آگے بڑھایا جائے۔ ماسٹر پلان کو از سر نو ترتیب دیتے ہوئے اس امر پر خصوصی توجہ دی جائے کہ شہری علاقے ملکی معیشت کے لیے انجن آف گروتھ کا کام سر انجام دیں اور اس سے نوجوانوں کے لیے نوکریوں اور معاشی سرگرمیوں کے بہتر مواقع پیدا ہوں۔ تعمیرات کے شعبے میں بھی حکومت کی طرف سے مراعات کا مقصد شعبے کے فروغ و جدت کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کے لیے نوکریوں کے مواقع پیدا کرنا ہے۔دریں اثناء وزیراعظم عمران خان سے وزیر اعلی خیبر پختون خوا محمود خان نے ملاقات کی ہے۔ پی ایم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق جمعہ کو ہونے والی اس ملاقات میں صوبہ خیبر پختونخوا کی مجموعی صورتحال، کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات اور ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔ یہ بات وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان میں بتائی گئی۔