بغیر امتحان پروموٹ کرنا طلبہ کے ساتھ ناانصافی ہے،حافظ طاہر مجید

316

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجیدنے اسکول بند کرنے کے حکومتی فیصلے کو تعلیم دشمنی پرمبنی قراردیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ِ سندھ اپنے وعدے کے مْطابق ایس او پیز کے تحت تمام اسکولز کھولنے کا اعلان اورچھوٹے اسکول مالکان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شعبہ تعلیم حیدرآباد کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر عبد القیوم شیخ، عقیل احمد خان، اسلم قریشی، عرفان قائم خانی اور شاہد انصاری نے شرکت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئی نسل کی تعلیم وترتربیت کا سلسلہ جاری رکھنا چاہیے،بازاروں ودکانوں کی طرح ایس اوپیز کے تحت اسکول کھولے جائیں۔بغیرامتحان پروموٹ کرنا طلبہ اورتعلیم کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔اجلاس میںکورونا صورتحال میں تعلیمی اداروں کی بندش اور طلبہ کے تعلیمی نقصانات پر تفصیل سے غور کیا گیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسکولز و کالجز میں داخلہ مہم فوری شروع کی جائے،درسی کتب فوری فراہم کی جائیں،ایس او پیز کے تحت تعلیمی ادارے کھولے جائیں۔ بھوک اور بجلی سے محروم طلبہ کے لیے آن لائن کلاسز کا اجرا سنگین مذاق ہے، سندھ حکومت نجی تعلیمی اداروںکوسبسڈی فراہم کرے ۔