چینی فوج سے پسپائی کے بعد مودی فوج کا حوصلہ بڑھانے پہنچ گئے

415

نئی دہلی (آن لائن) چین کے ساتھ سرحدی کشیدگی، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی صورتحال کا جائزہ لینے اچانک سرحدی علاقے لہیہ پہنچ گئے، مودی کے اس دورے کا مقصد جہاں بھارتی فوجیوں کا حوصلہ بڑھانا ہے وہیں چین کو یہ واضح پیغام بھی دینا ہے کہ بھارت ہر طرح کی صورت حال کا مقابلہ کرنے کیلیے تیار ہے اور اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ مودی یہ دورہ ایسے وقت میں کر رہے ہیں جب چینی فوجیوں کے ساتھ جھڑپ میں بھارت کے 20 فوجیوں کی ہلاکت اور سرحد پر جاری تعطل کو دور کرنے کیلیے دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی اور فوجی سطح پر بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسری طرف بھارت میں اپوزیشن جماعتیں چین کے خلاف حکومت کی طرف سے نرم رویہ اپنانے پر وزیراعظم نریندرمودی پر مسلسل تنقید کر رہی ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ طے شدہ پروگرام کے مطابق بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور آرمی چیف جنرل ایم ایم نروانے کو جمعے کے روز لداخ کا دورہ کرنا تھا تاہم ان کا دورہ ملتوی کرکے انتہائی رازداری کے ساتھ وزیر اعظم کے دورے کا پروگرام بنایا گیا۔ جس کے بعد وزیر اعظم مودی، چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت اور آرمی چیف جنرل منوج مکند نروانے کے ساتھ لیہہ میں سرحدی علاقے میں واقع ایک فوجی اڈے پر پہنچ گئے۔ انہوں نے آرمی، ائر فورس اور نیم فوجی دستے انڈو تبتن بارڈر پولیس کے اہلکاروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔