سہون، چوری ڈکیتی اور بدامنی کے واقعات میں اضافہ

276

سہون (نمائندہ جسارت) چوری ڈکیتی کے بڑھتے واقعات کے بعد آخر پولیس بھی خواب خرگوش سے جاگ گئی، ایلیٹ فورس کا اے ایس پی علینا راجپر کی نگرانی میں شہر بھر میں فلیگ مارچ، تمام معاملات کا خود جائزہ لے رہی ہوں، علینا راجپر۔ لاکھوں روپے کی ڈکیتیوں کا کوئی سراخ نہ ملنا پولیس کے لیے سوالیہ نشان ہے، شہری۔ سہون میں ایک ہفتے کے دوران 50 لاکھ روپے سے زیادہ مختلف چوری اور ڈکیتیوں کی وارداتوں میں پولیس کومجرموں تک پہنچنے اور لوٹا ہوا سامان اور رقم کی بازیابی میں کامیابی نہیں ہوسکی۔ ایس ایس پی متاثرین کی دل جوئی کے لیے ان کے گھر بھی گئے، ان سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ مجرموں تک جلد پہنچ جائیں گے۔ دوسری طرف ایس ایس پی کی خصوصی ہدایات پر اے ایس پی علینہ راجپر نے سہون پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا اور شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس نے فلیگ مارچ کیا۔ اس موقعے پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تمام حالات کا خود جائزہ لے رہی ہوں اور جلد مجرموں تک پہنچیں گے۔ دوسری طرف شہری پولیس کی کارکردگی سے مطمئن نظر نہیں آرہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر گزشتہ تین ماہ سے بد امنی کا گڑھ بنا ہوا تھا، پولیس نے بھی کوئی کارکردگی نہیں دکھائی۔