سجاول ضلع کے 20 شہروں میں بجلی کی ظلمانہ آنکھ مچولی

220

سجاول(نمائندہ جسارت) سجاول ضلع کے 20 شہروں میں بجلی کی آنکھ مچولی، بارہ سے چودہ گھنٹے لوڈ شیڈنگ کے علاوہ وقفے وقفے سے 5 سے 10منٹ میں بجلی کے جھٹکے۔ شہریوں کا قیمتی سامان جل کر خراب ہوگیا،لاکھوں کا نقصان، قیامت خیز گرمی میں دن بھر بے سکونی اور سجاول ضلع کے عوام راتیں جاگ کر گزارنے لگے، سجاول کی نا اہل ضلعی انتظامیہ کے باعث حیسکو کی من مانیاں عروج پر پہنچ گئی ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق سجاول ضلع کے شہروں سجاول ، میر پور بٹھورو ، جھوک شریف ، دڑو ، بنوں ، بیلہ ، سیدپور ، چوہڑجمالی ، قادرڈنو ، چوہڑ جمالی، چہچہہ ، لاڈیوں ، شاہ یقیق ، جاتی ، بیگنا ، جاتی چوک ، دیوان سٹی اور بڈہو تالپر سمیت بیس سے زائد شہروں میں مسلسل بجلی کے بحران نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے ،ایک طرف بجلی پر چلنے والے کاروبار متاثر ہو رہے ہیںتو دوسری طرف قیامت خیز گرمی نے شہریوں کا آرام اور سکون برباد کردیا ہے۔ بجلی کی روزانہ 12 سے 14 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ اس کے علاوہ پانچ پانچ دس دس منٹ میں بجلی کے جھٹکے ہونے سے بجلی سے چلنے والا قیمتی سامان،اے سی ، ریفریجریٹرز ، ائر کولراور دیگر چیزیں جلنا روز کا معمول بن گیا ہے۔ علاوہ ازیں شہریوں کا کہنا ہے کہ نہ ان کو دن میں سکون ہے اور نہ ہی رات کو آرام ہے۔ شہری راتیں جاگ کر گزارتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف نہ صرف نا اہل سجاول ضلع کے ڈپٹی کمشنر مقرر ہے پر اس کے ساتھ تمام ضلعی افسران کے ہاں قانون کی کوئی پاسداری نہیں اور حیسکو ملازمین کی من مستیاں عروج پر ہیں ان کو کوئی روکنے والا نہیں۔