ایک دن میں امریکا 55ہزاراور بھارت میںریکارڈ20ہزارکورونا کیسز

235

واشنگٹن/ نئی دہلی (آن لائن) امریکا میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 55 ہزار سے زاید کورونا کے کیسز رپورٹ ہوئے جو کہ اب تک رپورٹ ہونے والے یومیہ کیسز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔امریکا میں کورونا پھیلاؤ میں گزشتہ کچھ روز سے شدت دیکھنے میں آئی ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں اس وقت کورونا وائرس سے متاثرین کی کل تعداد 28 لاکھ 30 ہزار سے زاید ہو چکی ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں گزشتہ روز649 افراد مہلک کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہوئے جس کے بعد مرنے والوں کی کل تعداد ایک لاکھ 28 ہزار 677 ہو گئی ہے‘ متاثرین میں سے اب تک 12 لاکھ کے قریب افراد صحت ہو چکے ہیں۔ امریکی صدر نے امریکا میں ایک ہی دن میں ریکارڈ 55 ہزار سے زاید کیسز سامنے آنے کو اپنے محکمہ صحت کی کامیابی قرار دے دیا۔ ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں امریکی صدر کا کہنا ہے کہ امریکا میں کورونا کے مریضوں کی یومیہ تعداد اس لیے زیادہ ہو رہی ہے کیونکہ ہماری ٹیسٹنگ اسپیڈ کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ بہتر ہے‘ یہ ایک اچھی خبر ہے لیکن اس سے بھی زیادہ اچھی خبر یہ ہے کہ شرح اموات نیچے آ گئی ہے۔ علاوہ ازیں بھارت میں ایک دن میں کوروناوائرس کے 20 ہزار 903 مریض سامنے آئے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت بھر میں24 گھنٹے میں کورونا وائرس سے مزید 379 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔بھارتی ریاست مہاراشٹر میں کورونا وائرس سے بدترین صورتِ حال سامنے آئی ہے جہاں ایک دن میں ریکارڈ 6 ہزار 330 کورونا کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ ایک ہی دن میں یہاں اس وبا سے مزید 125 افرادہلاک ہوگئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مہاراشٹر کے سب سے بڑے شہر ممبئی میں ایک دن میں کورونا وائرس کے ایک ہزار 554 مریض سامنے آ گئے۔ بھارت عالمی کورونا فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے، جہاں کورونا سے 18 ہزار 225 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 27 ہزار 168 ہو گئی۔ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 10لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ اب تک اس مہلک وائرس کے باعث 5 لاکھ 24 ہزار سے زاید افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔