لاہور ہائیکورٹ کا ضلعی افسروں کو درجہ اول کے اختیارات دینے کا نوٹس

143

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب حکومت کے ضلعی افسروں کو درجہ اول کے اختیارات دینے کا نوٹس لے لیا، لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب کے تمام ججوں کو انتظامی افسروں دیے اختیارات کے معاملے پر میٹنگز کرنے سے روک دیا۔ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری لاہور ہائی کورٹ نے سیشن جج لاہور سمیت پنجاب کے تمام ججوں کو مراسلہ بھجوا دیا ہے۔ مجاز اتھارٹی نے پنجاب حکومت کے ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی افسروں کو درجہ اول کے اختیارات دینے کا سنجیدہ نوٹس لیا ہے، مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے انتظامی افسروں کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات دینے سے قبل لاہور ہائی کورٹ سے مشاورت نہیں کی۔پنجاب حکومت کا لاہور ہائی کورٹ سے مشاورت کے بغیر انتظامی افسروں کو درجہ اول کے اختیارات دینا ضابطہ فوجداری کی دفعہ 14 اور 37 کی خلاف ورزی ہے۔پنجاب کی ماتحت عدلیہ کا کوئی بھی جج انتظامی افسروں کو درجہ اول کے اختیارات تفویض ہونے سے متعلق کسی میٹنگ میں شرکت نہ کرے۔