بدترین طرز حکمرانی میںموجودہ حکومت نے سابقہ ادوار کو بھی مات دیدی‘ جماعت اسلامی سندھ

209

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز نے کہا ہے کہ بدترین طرز حکمرانی میں موجودہ حکومت نے سابقہ حکومتوں کو بھی مات دے دی ہے۔ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے آج پاکستانی عوام بنیادی ضرورت اشیائے زندگی سے محروم ہوتے چلے جارہے ہیں بدترین مہنگائی اور بیروزگاری کا اڑدھا عوام پر مسلط کرکے عوام کی زندگیوں کو اجیرن کردیا گیا ہے۔ پاکستان کے تمام مسائل کا حل مخلص و دیانتدار اور کرپشن و بدعنوانی اقرباء￿ پروری سے پاک قیادت ہے۔ پاکستان پر مسلط اشرافیہ کا ٹولہ نام اور چہرے بدل بدل کر مسلط رہا ہے ریاست مدینہ کا نعرہ لگاکر عمران خان نے پاکستان کی بائیس کڑور عوام سے دھوکہ کیا ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی میرپور خاص کے تنظیمی دورہ کے موقع پر منعقدہ اہم تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں امیرجماعت اسلامی ضلع میرپورخاص افضال صدیق آرائیں، مقامی امیر حاجی نور الہی مغل،حافظ سلمان خالد ،عاصم شیخ سمیت تمام یوسی ناظمین ،شعبہ جات کے ذمہ داران اور دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان عوامی رابطہ مہم کے ذریعے عوام تک جماعت اسلامی کا پروگرام اور لائحہ عمل پہنچائیں اور آنے والے بلدیاتی انتخابات کے لیے عوام کی تربیت اور ذہن سازی کریں۔انہوں نے مذید کہا کہ ان شا اللہ پاکستان کا مستقبل روشن اور تابناک ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ عوام اپنی حقیقی اور دیانتدار قیادت کو پہچان کر انتخاب کریں۔