ہر شہری کو دینی ودنیا وی تعلیم فراہم کرنا حکومت کے ذمے ہے‘ جماعت اسلامی

141

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ شعبہ تعلیم کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد اسحاق منصوری نے شعبہ تعلیم کے صوبائی ذمے داران سے وڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں جب کورونا وائرس کی صورت میں تعلیمی اداروں کے کھولنے پر صوبائی اور وفاقی حکومت نے پابندی لگا رکھی ہے طلبہ و طالبات سے فیس کی وصولی نہ ہو نے کے برابر ہے اس صورت میں نجی ا سکولوں کی خواتین اور مرد اساتذہ تنخواہ نہ ملنے کے سبب فاقہ کشی پر مجبور ہو گئے ہیں حکومت اس مدمیں فوری طور پر گرانٹ جاری کرے تاکہ معلمین اور معلمات کو فوری طور پر تنخواہ ادا کرکے فاقہ کشی اور خودکشی سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ دستور پاکستان کے مطابق ہر پاکستانی شہری کو بہترین دنیاوی اور دینی تعلیم فراہم کرنا حکومت کی ذمے داری ہے۔پرائیویٹ تعلیمی اداروں نے حکومت کا ہاتھ بٹایا ہے اس لیے ان اداروں کو طلبہ و طالبات کی تعداد کے مطابق اسکول کے قیام کے لیے انتہائی ارزاں قیمت پر پلاٹ الاٹ کیے جائیں جہاں بچوں کے کھیل اور ورزش کا بھی بندوبست ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ چھوٹے چھوٹے بچوں کو بھاری بھرکم کتب اور بستوں سے نجات دلانے کی ضرورت ہے۔