اسپین، اٹلی نے جامع پالیسی پر عمل کرکے کورونا پر قابو پایا‘ عالمی ادارہ صحت

214

جنیوا (اے پی پی) عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ جو ممالک کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ہر دستیاب آپشن کو استعمال نہیں کرتے انہیں اس وبا کو شکست دینے کے لیے آگے طویل اور شدید مشکل حالات درپیش ہوں گے‘ مارچ میں اسپین اور اٹلی اس وبائی مرض کے مراکز تھے لیکن دونوں ممالک نے ایک جامع پالیسی پر عملدرآمد کرکے اس وبا پر قابو پایا۔ عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہینوم گھیبریسس نے جنیوا میں ورچوئل پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ کورونا وائرس کا پھیلائو ابھی بھی جاری ہے لہٰذا ممالک اور لوگ اپنے تحفظ کے لیے کوششیں جاری رکھیں لیکن بعض ممالک نے تمام وسائل استعمال نہیں کیے اور منقسم سوچ اپنائی، انہیں آگے طویل اور مشکل حالات کا سامنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جب ممالک لاک ڈائون ختم کریں گے تو کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کا امکان ہو گا لیکن جن ممالک میں جامع نقطہ نظر کو لاگو کرنے کے لیے نظام موجود ہے انہیں مقامی طور پر کورونا وائرس کے پھیلائو اور کیسز پر قابو پانے کی صلاحیت ہونی چاہیے اور وسیع پیمانے پر دوبارہ پابندیاں عاید کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس وبا سے باہر نکلنے کا بہترین طریقہ جامع نقطہ نظر کو اپنانا ہے اور اس کے لیے نہ صرف ٹیسٹ، سماجی فاصلہ، منتقلی کا سراغ لگانا اور ماسک پہننا ضروری ہے بلکہ کورونا وائرس کی تشخیص، آئسولیٹ، قرنطینہ میں قیام سمیت ہیلتھ ورکرز کی تربیت اور طبی سازوسامان کی فراہمی اور لوگوں کو خود اور دوسروں کے تحفظ کے لیے باشعور اور بااختیار بھی بنانا ہو گا۔