بھارت،پولیس پر گھات لگاکر حملہ،ڈی ایس پی سمیت 8 ہلاک

261

لکھنؤ (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع کانپور میں ڈاکووں کے سرغنہ کو گرفتار کرنے لیے جانے والی پولیس ٹیم کے 8 اہل کار ہلاک ہوگئے۔ حملے میں ڈی ایس پی ‘ 3سب انسپکٹر اور 4کانسٹبل ہلاک ہوئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق 3تھانوں کی مشترکہ پولیس بکارو گاؤں میں بدمعاشوں کے سرغنہ کو گرفتار کرنے کے لیے گئی تھی۔ جرائم پیشہ افراد وہاں پہلے ہی سے تیار بیٹھے تھے اور انہوں نے گھات لگاکر پولیس ٹیم پر حملہ کردیا۔ پولیس کو مطلوب بدمعاش سرغنہ وکاس دوبے کے خلاف قتل، ڈکیتی اور لوٹ مار سمیت 60مقدمات درج ہیں۔ دوبے کے خلاف حال ہی میں اقدام قتل کا ایک نیا کیس درج کیا گیا تھا اور اسی سلسلے میں گرفتاری کے لیے پولیس نے گاؤں پر چھاپاماراتھا۔ یوپی کے پولیس ڈائریکٹر جنرل ایچ سی اوستھی نے تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ وکاس دوبے اور اس کے دوسرے ساتھیوں نے گاؤں کی طرف جانے والے تمام راستوں پر روکاوٹیں کھڑی کر دی تھیں اور جب پولیس کی ٹیم انہیں ہٹانے کے لیے گاڑیوں سے باہر نکلی تو مکانات کی چھتوں سے اندھادھند فائرنگ شروع ہوگئی۔ حملے میں دیگر 4اہل کار زخمی ہوگئے اور ان میں ایک کی حالت انتہائی نازک ہے۔ واقعے کے بعد پولیس کی مزید نفری علاقے میں پہنچ گئی اور گاؤں کا محاصرہ کرلیا،تاہم حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ملزم وکاس دوبے کو ضمانت پر جیل سے رہا کیا گیا تھا۔ وہ گاؤں کا پردھان بھی رہ چکا ہے اور اس نے ضلع پنچایت کے انتخاب میں بھی کامیابی حاصل کی تھی۔