ورلڈکپ فکسنگ کیس،سنگاکارا سے 10گھنٹے تک تفتیش

168

کولمبو(جسارت نیوز)ورلڈ کپ 2011کے فائنل میں میچ فکسنگ کے الزامات کی تحقیقات کے سلسلے میں سابق سری لنکن کپتان کمار سنگاکارا سے 10گھنٹے تک تفتیش کی گئی۔2011کے فائنل میں سری لنکا کی قیادت کرنے والے 42سالہ سنگاکارا سے پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کو تفتیش کے لیے طلب کیا گیا، جہاں ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں سری لنکا کو بھارت کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔10گھنٹے کی تفتیش کے بعد سنگاکارا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں کرکٹ کے احترام اور کھیل کے لیے میری ذمے داری کی وجہ سے میں یہاں بیان دینے آیا تھا، مجھے امید ہے کہ اس تفتیش کے اختتام کے بعد سابق وزیر کھیل مہندا نندا التھ گماگے کی الزامات کے حوالے سے حقیقت سامنے آجائے گی۔انہوں نے اس بارے میں تفصیل نہیں بتائی کہ ان سے کیا سوالات کیے گئے البتہ انہوں نے بتایا کہ ایک اور سابق کپتان اور فائنل میچ میں سنچری بنانے والے مہیلا جے وردنے کو جمعہ کو تفتیش کے لیے طلب کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ ان الزامات کے سلسلے میں اوپننگ بلے باز اپل تھارنگا پہلے کھلاڑی تھے جنہیں تفتیش کے لیے طلب کیا گیا تھا اور ان سے بدھ کو دو گھنٹے سے زائد دیر تک تفتیش کی گئی تھی اور اس سے ایک دن قبل فائنل کے حوالے سے چیف سلیکٹر اروندا ڈی سلوا سے 6 گھنٹے سے زائد دیر تک تفتیش کی گئی تھی۔2011میں سری لنکا کے وزیر کھیل کے منصب پر فائز رہنے والے مہندا نندا التھ گماگے نے گزشتہ ماہ بیان میں ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں فکسنگ کے الزامات عائد کیے تھے۔